مشترکہ مفادات کونسل نے7ویں مردم شماری کی منظوری دے دی

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد(پی پی آئی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں7ویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزرائے اعلیٰ ،وفاقی وزرا کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، چیئرمین نادرا، چیف کمشنر اسلام اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے مطالبات کے مطابق کونسل کے اجلاسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دے دی ۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ مردم شماری سے قبل خانہ شماری کرائی جائے گی،مردم شماری کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جی آئی ایس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔