او آئی سی نے افغانستان کو بیرونی دنیا سے رابطے کرنے میں مدد کی،افغان سفیر

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز)پاکستان کیلئے افغان طالبان کے سفیر نےاسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسنے افغانستان کو بیرونی دنیا سے رابطے کرنے میں مدد کی انہوں نے اہم انسانی امداد کیلئے سعودی عرب کے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔ سردار احمد خان شکیب نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ (او آئی سی کا اجلاس) افغانستان کو دنیا سے جوڑنے کے لیے رابطے کا ذریعہ تھا۔‘انہوں نے بتایا کہ ’او آئی سی کانفرنس کے ذریعے ہم دنیا کو افغانستان کی صورتحال کی حقیقی تصویر دکھانے میں کامیاب ہوئے۔سردار احمد خان شکیب نے مزید کہا کہ امداد فراہم کرنے کے حوالے سے او آئی سی کے رکن ممالک میں سعودی عرب نے سب سے زیادہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب بہت زیادہ تعاون کرنے والا ملک ہے اور اس نے او آئی سی کے کسی بھی دوسرے رکن سے زیادہ افغانوں کی مدد کی۔‘انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے افغانوں کی مدد کے لیے امدادی سامان کے چھ جہاز افغانستان بھیجے جبکہ زمینی راستے ذریعے بھی شاہ سلمان کے ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ذریعے مدد فراہم کی گئی۔