سندھ اسمبلی پر جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، شاہراہ فیصل بلاک کرنے کا اعلان

14 جنوری ، 2022

کراچی(این این آئی)سندھ سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا 14 ویں روز بھی جاری رہا،دھرنے میں مختلف سیاسی،سماجی ودیگر پارٹیوں سمیت مختلف وفود نے شرکت کی۔صوبائی وزیر سعید غنی کے متنازع ریمارکس پر دھرنے کے شرکا میں سخت اشتعال دیکھنے میں آیا ۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کا بلدیاتی بل کالا قانون ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ہدایت پر مذاکرات کا وعدہ کرکے جانے والے اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی 4دن سے مفرور ہے، بلدیاتی بل کیخلاف اتوار کو شاہراہ فیصل مکمل بلاک کی جائے گیجہاں انسانوں کے سر ہی سر ہوں گے، ہم وڈیروں کے آگے مزاحمت کریں گے اپنے بچوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑیں گے،جماعت اسلامی کراچی کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے قبضے سے بچائے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بھی سندھ حکومت کی طرح صرف کراچی سے لوٹ کھسوٹ کرنا چاہتی ہے،تمام حکمران جماعتوں نے کراچی کے عوام کااستحصال کیا ہے، دھرنا ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے کہ ہم جدوجہد کریں۔