مولانا فضل الرحمٰن اور اختر مینگل کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد(آئی ا ین پی )مولانا فضل الرحمٰن اور اختر مینگل نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا ہے۔ بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی جس میں سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، آغا حسن بلوچ، میر ہاشم نوتیزئی اور مفتی ابرار احمد نے شرکت کی۔ ملاقات میں سردار اختر مینگل نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمٰن کو مبارکباد دی۔ ترجمان جے یوآئی اسلم غوری نے کہا کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی ، منی بجٹ پر دونوں رہنماوں نے تشویش کا اظہار کیا ، پارلیمان کے اندر اور باہر ملکر حکومت کو بھرپور ٹف ٹائم دینے پر اتفاق ہوا۔ مولانا نے کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے باعث عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ، 2022 نااہل حکمرانوں کا آخری سال ہے، جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمران عوام کو حساب کتاب دینے کیلئے تیار ہوجائیں ، اسٹیٹ بینک جیسے خودمختار ادارے کو گروی رکھوانے کی تیاری مکمل ہوگئی ہے۔ اختر مینگل نے کہا کہ نالائق حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوادیا ہے ، نالائق حکمرانوں کا ہر پلیٹ فارم پر بھرپور مقابلہ کریں گے۔