پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بہت کام کیا،فواد چوہدری

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بہت کام کیا،دنیا ہمارے نقطہ نظرکے قریب آرہی ہے،کرتارپور راہداری امن،سلامتی ،محبت اور عقیدت کا نشان ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور ان کی ٹیم نے وزیر اعظم کو افغانستان کی بدلتی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد افغانستان میں استحکام یقینی بنانا ہے اور اس کیلئے پاکستان نے بہت کام کیا ہے،آج دنیا بھی ہمارے موقف کے قریب آرہی ہے۔ ایک اوربیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری نے 75 سال سے بچھڑے دو بھائیوں کو ملا دیا ۔ جب وزیراعٖظم عمران خان نے کرتارپور کا افتتاح کیا تھا تو انھوں نے اس راہداری کو امن کی راہداری قرار دیا تھا اور آج یہ راہداری اس تلخیوں بھری سرحد پر امن، سلامتی ، محبت اور عقیدت کا نشان ہے ۔