بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ سے اتحاد مفید ہوسکتا ہے،حتمی فیصلہ پارٹی قائدین کریں گے، شوکت جاوید

14 جنوری ، 2022

چناری (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و سابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر نے آمدہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اتحاد کی تجویز پیش کرنے کے علاوہ 1996ء کے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواران سے وصول کی گئیں فیسوں کی واپسی کے لیے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں اتحاد کرنے کا فیصلہ پارٹی قائدین کا ہوگا۔ میری اتحاد کی تجویز کا مقصد قیادت تک یہ بات پہنچانا ہے کہ اتحاد کی صورت میں ہم مشترکہ طور پر آزاد کشمیر بھر سے کلین سویپ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1996ء کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدواران سے فیسیں وصول کرنے کے بعد نہ الیکشن کروائے گئے اور نہ ہی امیدواران کی فیسیں واپس کی گئیں۔ آج تک وہ فیسیں حکومت آزاد کشمیر کے خزانہ میں جمع ہیں۔ حکومت ان فیسوں کی وآپسی کا بندوبست کرے۔ بصورت دیگر ہم ان فیسوں کی واپسی کے لیے عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کے دونوں حلقوں سے مشاورت کے ساتھ امیدواران کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ ان شاء اللہ دونوں حلقوں سے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔