بھارتی یوم جمہوریہ پر آپریشن میں کشمیریوں کا قتل عام معمول بن چکا، چوہدری یٰسین

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز) صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیری بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں، مودی حکومت منصوبہ بندی سے مقبوضہ کشمیر میں ہندوئوں کی آباد کاری کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں، بھارتی یوم جمہوریہ پر سرچ آپریشن کشمیریوں کے قتل و غارت گری کا معمول بن چکا ہے، بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں محاصروں اور سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانا قتل وغارت گری چادر اور چار دیواری کی دھجیاں اڑانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معمول بنتا جا رہا ہے اور مہذہب کہلانے والے ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان مظالم کا نوٹس لیں۔ 26 جنوری یوم جمہوریہ نہیں یوم سیاہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری بھارت کے یوم جمہوریہ پہ بھرپور انداز میں یوم سیاہ منائیں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہا ہے، حریت قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا ہے جہاں ان کی زندگیاں خطرات سے دو چار ہیں کیونکہ ہندؤ ازم کا تعصب پورے بھارت میں پھیلتا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت منصوبہ بندی کے تحت ہندؤں کی آباد کاری کر رہی ہے اور انتہاء پسند ہندؤں اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو ڈومیسائل قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں بسایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ دنیا کے کسی بھی خطے میں متنازعہ علاقوں میں کوئی بھی قانون ایسے عمل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اور کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔یہ حق سلامتی کونسل کی منظور شدہ قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حاصل ہے۔ بین الاقوامی برادری کا فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت دلائے۔