بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں سے بڑے تصادم کا خطرہ ہے، فاروق حیدر

14 جنوری ، 2022

مظفرآباد (جنگ نیوز)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جس طرح بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں اور ریونیو ویلجز کو توڑا جا رہا ہے، اس سے معاملات بڑے تصادم کی طرف جا رہے ہیں۔ آزادکشمیر کی جغرافیائی صورتحال کو مردم شماری کے تناظر میں نہیں دیکھا جاسکتا۔ پاکستان میں بھی مردم شماری کے نتائج پر لوگوں کو تحفظات ہیں اور اب نئی مردم شماری ہو رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر کا خطہ کسی محاذ آرائی اور تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وہ سپریم کورٹ میں بحیثیت شہری 42 سی کے تحت اس کے خلاف درخواست دائر کریں گے اور اس حوالے سے دیگر اپوزیشن جماعتوں اور رہنماوں سے بھی رابطہ کرونگا۔ سینئر قانون دان راجہ محمد حنیف خان ایڈووکیٹ کی اس حوالے سے خدمات حاصل کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری آزادکشمیر اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بھی اس حوالے سے عوام کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے خلاف سخت ردعمل آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی روح ہوتے ہیں۔ ان کا انعقاد اشد ضروری ہے لیکن انہیں پہلے مرحلے پر ہی متنازع نہ بنایا جائے۔ ہم نے بلدیاتی انتخابات کو آئین کا حصہ بنایا اور ان کا انعقاد لازمی قرار دلوایا، حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔