مودی کے اشارے پر کشمیریوں کوبے گھر کیا جا رہا ہے، محبو بہ مفتی

14 جنوری ، 2022

سری نگر (پی پی آ ئی) مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں لوگوں نے جموں شہر کے مضافاتی علاقے روپ نگر علاقے میں گجربکروال مسلمانوں کے مکانات کو مسمار کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔ دوسری جا نب جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایک بار پھر کشمیری عوام کو خبر دار کرتے ہو ئے کہا کہ مودی حکومت کے مظالم کے خلاف کشمیری عوام کو اٹھنا ہوگا۔ اپنے بیان میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ مودی حکومت کے اشا رے پر جموں کشمیر کی انتظا میہ وادی میں مکانات کو مسمار کرنا اور مظلوم کشمیریوں کو بے گھر کرنا اقلیتوں کو نشانہ بنا کر ان کی نفرت کو ہوا دینے کا ایک اور طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا یہ تمام فیصلے مودی حکومت کے اشارے پر ہو رہے ہیں اسلئے کشمیری عوام کو ایسے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسٹ) کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ مودی حکومت ایک طرف قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کا دعویٰ کر رہی ہے جب کہ دوسری طرف ان کے ساتھ ایسا بہیمانہ سلوک کر رہی ہے۔