چیئرمین سینیٹ کے علاقے میں چائے اور بسکٹ ایران سے آتے ہیں، سلیم مانڈوی والا

14 جنوری ، 2022

کوئٹہ(پی پی آئی)پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں انکشاف کیا کہ چیئرمین سینیٹ کے علاقے میں چائے اور بسکٹ بھی ایران سے آتے ہیں،۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کی۔ اجلاس میں نائب صدر کوئٹہ چیمبر نے کہا کہ ایران ہم سے موسمی پھل اور چاول تک لینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کبھی ہم سے تعاون نہیں کیا ہمیشہ ہم سے تعاون مانگا۔نائب صدر کوئٹہ چیمبر نے زور دے کر کہا کہ بارٹر ٹریڈ میں صحیح اور درست پالیسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران سے تجارت کے لیے کمیٹی بنائی جائے جس میں بلوچستان کی نمائندگی ہو۔پی پی آئی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ چیئرمین سینیٹ کے علاقے میں چائے اور بسکٹ بھی ایران سے آتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا نے اجلاس میں زور دے کر کہا کہ جب افغانستان کے لیے پالیسی بنائی جاتی ہے تو ایران پر بھی بنائی جائے۔