پاکستان بھر میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، عوام سخت پریشان

14 جنوری ، 2022

کرا چی /لاہور/اسلام آ باد(پی پی آ ئی)ملک بھر میں گیس بحران میں کمی نہ آسکی سردی آتے ہی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، ملتان اور حیدر آباد سمیت ملک بھر میں گیس کا بحران مزید شدید ہوگیا۔صبح ہو یا شام گیس بحران نے لوگوں کواذیت میں مبتلا کردیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث عوام پریشان ہیں، صنعتوں کو گیس بند کرنے کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس فراہم نہیں کی جارہی۔دوسری جانب سردی کی شدت میں مزید اضافے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں شدید کمی ہوگئی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں گیس بالکل غائب ہے۔شہری گیس نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہے اور سوئی ناردرن گیس حکام نے چپ سادھ لی، گیس کی قلت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔گیس بند ہونے کے بعد لکڑیوں اور گیس سلنڈر کی قیمتیں آسمان پر چلی گئی ہیں، لائنوں میں لگ کر لوگ سلنڈر بھروانے پر مجبور ہیں۔