یورپ میں تقریباً 2 لاکھ افراد غیر قانونی داخل ہوئے، FRONTEX

14 جنوری ، 2022

برسلز /ایتھنز( حافظ انیب راشد/مرزا رفاقت حسین ) یورپین بارڈر اور کوسٹ گارڈ ایجنسی فرنٹیکس( Frontex ) نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ سال2021 یورپ میں 2 لاکھ کے قریب افراد غیر قانونی طور پر داخل ہوئے، فرنٹیکس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یہ تعداد 2017کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ اس دوران 8000سے زائد مرتبہ بارڈر کراسنگ کے واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ ایجنسی کے مطابق یہ اضافہ کورونا کیلئے دنیا بھر میں لگائی گئیں پابندیوں کے اٹھنے کے بعد سامنے آیا ہےجو اس سے گذشتہ سال کے مقابلے میں 57فیصد زائد ہے ۔ فرنٹیکس نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ جن ممالک کے شہری ان غیر قانونی داخلوں میں سر فہرست رہے ان میں شام کے شہری اوّل درجے پر تھے جب کہ باقی ممالک میں تیونس، مراکش، الجزائر اور افغان شہری شامل ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ لیبیا، تیونس اور ترکش شورز پر مبنی سینٹرل میڈیٹرینین روٹ 2021میں زیادہ فعال ہوا ہے، رپورٹ میں بیلاروس پر یورپ میں ان غیر قانونی مہاجرین کو داخل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔