نیٹو اور روس کے درمیان یوکرین کے مسئلے پر اجلاس بے نتیجہ ختم

14 جنوری ، 2022

برسلز ( نمائندہ جنگ) نیٹو اور روس کے درمیان یوکرین کے مسئلے پر منعقد ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، اس حوالے سے نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں منعقد ہونے والے نیٹو،رشیا کونسل کے اجلاس میں دونوں فریقین نے اپنا سابقہ موقف ہی دہرایا، روس نے اس میٹنگ میں اپنا یہ موقف دہرایا کہ نیٹو نئے ممبر نہ بنائے اور اس کی مشرقی ممالک سے افواج نکل جائیں جب کہ نیٹو نے کہا کہ وہ اپنی اوپن ڈور پالیسی برقرار رکھے گا، اس کے ساتھ ہی نیٹو نے روس پر مزید واضح کیا کہ ہر ملک کو یہ حق حاصل ہونا چاہئے کہ وہ اپنے تحفظ کیلئے کون سی سیکورٹی پالیسی اختیار کرتا اور کس کو اپنا دوست چنتا ہے، دوسری جانب اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو سیکرٹری جنرل یین سٹولٹن برگ نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان 2 سال کے بعد یہ ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے کہاکہ یوکرین اور یورپین سیکورٹی کے مسئلے پر روس کے ساتھ ہماری سنجیدہ اور براہ راست گفتگو ہوئی ہے، یہ کوئی آسان گفتگو نہیں تھی کیونکہ نیٹو اتحادیوں اور روس کے درمیان ان مسائل پر نمایاں اختلافات ہیں۔ سیکرٹری جنرل یین اسٹولٹن برگ کے مطابق اس اجلاس میں دونوں فریقین نے برسلز اور ماسکو میں اپنے دفاتر دوبارہ قائم کرنے کے امکان پر گفتگو کے علاوہ بات چیت کو جاری رکھنے ، فوجی مشقوں کیلئے شفافیت کو بڑھانے ، خطرناک فوجی واقعات کو روکنے، سائبر خطرات کو کم کرنے ، ہتھیاروں کے کنٹرول و عدم پھیلائو ،تخفیف اسلحہ، میزائلوں پر باہمی حدود کو دور کرنے سمیت فوجی مواصلاتی چینلز کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا ۔