ناروے میں اومی کرون کے 11ہزارسے زائدریکارڈ کیس

14 جنوری ، 2022

اوسلو(ناصر اکبر)ناروے میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے وار جاری ہیں ،ملک میں24 گھنٹوں کے دوران 11,825کورونا کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں ،یہ گزشتہ ہفتے کے اسی دن کے مقابلے 3440 کیسززیادہ ہیں ، ناروے میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز کی تعداد 34092ہو گئی ہے۔ناروے میں اب تک تمام متاثرہ افراد میں 32 فیصد تک اومی کرون پھیلنے کی اطلاع ہے۔گزشتہ سات دنوں میں روزانہ اوسطاً 7356کورونا انفیکشن رجسٹرڈ ہوئے ہیں، سات دن پہلے متعلقہ اوسط 4808تھی، بدھ کو 264 کورونا مریض اسپتال میں داخل تھے،پہلے دن کے مقابلے میں 13کیس کم تھے، 80مریض انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں اور ان میں سے 61 وینٹی لیٹر پرہیں، نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ کے جائزہ کے مطابق ایک دن پہلے کے مقابلے انتہائی نگہداشت میں پانچ کم اور سانس لینے میں تین کم ہیں، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے مطابق ناروے میں اب تک 472,355 افراد کورونا وائرس وائرس سے متاثر ہو چکےہیں، ناروے کا پچھلا یومیہ ریکارڈ 12 جنوری 2022 تھا،اس وقت 9622 متاثرہ افراد رجسٹرڈ تھے، ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ناروے میں مارچ 2020 سے اب تک مجموعی طور پر 1372 کورونا سے متاثرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 219 میونسپلٹیوں میں انفیکشن کابڑھتا ہوا رجحان ہے۔