امریکہ کا داخلی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے یونٹ بنانے کا فیصلہ

14 جنوری ، 2022

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکہ نے داخلی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سفید فام متعصب گروہوں اور حکومت مخالف کارکنان کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد امریکہ نے داخلی دہشت گردی کی روک تھام کیلئے نیا یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 2020 میں ٹرمپ کے حمایتیوں کی جانب سے کیے گئے کیپٹل ہِل پر حملے کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے محکمہ انصاف میں داخلی دہشت گردی کے خلاف یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نیشنل سیکورٹی ڈویژن کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل میتھیو اولسن نے سینیٹ کی عدلیہ کمیٹی میں کہا کہ تشدد پسند کارکنان کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ یہ وہ افراد ہیں جن کے معاشرتی اور سیاسی مقاصد ہیں اور اسی کےلیے یہ پرتشدد مجرمانہ کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔