پی سی آف پاکستان یوکے کا مری سانحہ پر افسوس کا اظہار

14 جنوری ، 2022

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) پی سی آف پاکستان یوکے نے مری کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس میں ملوث لوگوں کوکیفر کردار تک پہنچانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ پی سی آف پاکستان یوکے کی صدر کونسلر مقدسہ بانو، جنرل سیکرٹری غلام رسول شہزاد ، نصر اللہ خان مغل ، شفیق الزمان، پرویز مسیح مٹو اور دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں سانحہ پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت سیاحتی مقامات پر اپنی توجہ مبذول کرے اورا نہیں بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرے ، اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا گیا کہ مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کے جانے پر کوئی چیک نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے گنجائش سے بہت زیادہ گاڑیاں مری پہنچ گئیں جب کہ رات کو شدید برفباری نے سیاحوں کو یہ مہلت ہی نہ دی کہ وہ اپنی بچت کا کوئی انتظام کر تے، دوسری طرف مری کے مقامی ہوٹلز مالکان نے بھی متاثرہ لوگوں کو پناہ دینے کے ضرورت سے کئی گنازیادہ کرائے وصول کئے۔ پی سی آف پاکستان یوکے نے مری کو ضلع بنانے اور ریسکیو کے انتظامات میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے فوری اقدامات کا خیرمقدم کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت مری میں ہوٹلز کے کرائے اوراشیائے خورد ونوش کے دام خود مقرر کرے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔