سربراہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ فلسفہ ڈاکٹر عبدالخالق وفات پا گئے

14 جنوری ، 2022

لندن ( جنگ نیوز) پنجاب یونیورسٹی لاہور شعبہ فلسفہ کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالخالق گزشتہ دنوں قضائے الہٰی سے انتقال کر گئے۔ انہوں نے فلسفہ کی تعلیم کو فروغ دینے میں ساری زندگی گزار دی، وہ 20 سال سے زیادہ عرصہ شعبہ فلسفہ کے سربراہ رہے ، انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر سی اے قادر، پروفیسر محمد صادق ، پروفیسر کرامت جعفری ، پروفیسر شاہد حسین، پروفیسر ڈاکٹر ساجد علی، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال ندیم، پروفیسر ڈاکٹر رافیعہ حسن ، پروفیسر ڈاکٹرعرفان اور دیگر فلسفہ کے ماہرین کے ہمراہ تعلیمی خدمات سرانجام دیں۔ ڈاکٹر عبدالخالق کی پاکستان فلاسفیکل کانگریس کے ساتھ گہری وابستگی رہی اور پاکستان بھر کی دوسری یونیورسٹیز اور گورنمنٹ کالج لاہور میں فلسفہ کی تعلیم دینے پر مامور پروفیسرز سے گہرے روابط رہے اور طلبا میں فلسفہ جیسے اہم مضمون کو آسان زبان میں تعلیم کا وسیلہ بنایا۔ ڈاکٹر عبدالخالق نے فلسفہ کی تعلیمات پر متعدد کتابیں بھی لکھیں اور انہیں بین الاقوامی فلسفہ کانفرنسز میں پنجاب یونیورسٹی کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل رہا ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی فلسفہ پر ہونے والے تعلیمی سماجی سیمینارز سے خطاب اور اخبارات سمیت علمی مجلوں کیلئے مضامین لکھتے رہے، ان کا تعلق لاہور کےقدیم علاقہ باغبان پورہ کی معزز خاندان سے تھا، ان کو مادھو لال حسین قبرستان میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا۔