پارلیمانی پارٹی اجلاس، پرویز خٹک کے عمران خان سے سخت سوالات، مخالفت کا سوچ بھی نہیں سکتا، وزیر دفاع

14 جنوری ، 2022


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک کے وزیراعظم عمران خان سے سخت سوالات‘ رکن اسمبلی نور عالم نے بھی سوالات کیے ‘ انہوں نے وزیراعظم سے پوچھا کہ کیا اسٹیٹ بینک کی خود مختاری سے سلامتی ادارے تو متاثر نہیں ہوں گے؟کیا ہم سلامتی اداروں کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی آئی ایم ایف کودیں گے؟۔جبکہ ایم کیو ایم کے ارکان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیاء ضروریہ پر ٹیکس نہ لگائیں جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، کوئی ایسا اضافی ٹیکس نہیں لگائیں گے جس سے عوام پر بوجھ پڑے۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان میرے لیڈر ہیں‘میں وزیراعظم کے خلاف ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں‘ اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی اس گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں‘میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں کوئی ذاتی مفاد نہیں‘ میرے کارخارنے نہیں‘میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہیں۔