منی بجٹ کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کاپارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ

14 جنوری ، 2022

اسلام آبا د( نمائندہ جنگ )منی بجٹ کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا،مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی ملک تباہ کررہا ہے ، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکمراں بتائیں سبسڈی واپس لینے سے کون سے چیز مہنگی نہیں ہوگی ، شیری رحمن کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے خواب دکھانے والوں نے عوام کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ،اسعد محمود نے کہا کہ حکومتی فیصلہ جوتے کی نوک پر ہے ۔تفصیلات کے مطابقمنی بجٹ کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا،مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نےمظاہرے سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ عمران نیازی پاکستان پر مسلط ہے،منی بجٹ سے غریب آدمی کا گھلا گھونٹا جا رہا ہے،کے پی کے میں تحریک انصاف کوشکست ہو ئی ، عمران نیازی ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے ،غریب کو موت کے منہ میں دھکیل رہا ہے،عوام نے اس مہنگائی کیخلاف نکلنا ہے،ہمیں اس ملک کو معاشی بدحالی سے نکالنا ہو گابجلی کبھی آتی ہے، کبھی جاتی ہےپی ٹی آئی کے چینی، گیس اددیات میں اربوں کھربوں کےسکینڈل سامنے آئے، مظاہرے میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیر ی رحمان ،سابق چیئر مین سینٹ نیئر حسین بخاری ،صوبائی صدر قمر زمان کائرہ ، سابق سپیکر سردار ایاز صادق ،رانا ثنا ء اللہ ، ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال، جے یو آئی کےپارلیمانی لیڈر مونالا اسعد محمود ،مولانا المجید ہزاروی ،مسلم لیگ (ن) کےسابق میئر پیر عادل شاہ ،سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی ،سجاد خان ،چوہدری رفعت ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، انجم عقیل خان، شہزادی کوثر گیلانی ،نرگس فیض ملک ،سبط الحسن بخاری ،قمر عباسی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ،مولانا عبدالمجید ہزاروی ،سجاد خان اور انجم عقیل خان ،جلوسوں کی شکل میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے پہنچے،مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج کے احتجاج سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ،آج کے احتجاج نے بتا دیا کہ عوام کا فیصلہ کچھ اور ہے،انہوں نے استفسار کیا کہ حکمران بتا ئیں ساڑھے تین سو ارب روپے کی سبسڈی واپس لینے سے کون کون سی چیز مہنگی نہیں ہو گی ، جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمودنے کہاکہ ہم منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ،ہم حکومتی فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں،عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، پیپلز پارٹی کی شیری رحمان نے کہاکہ تبدیلی کے خواب دکھانے والوں نے عوام کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے گئے ہیں، پیپلزپارٹی کے نیئر حسین بخا ری نے کہاکہ ساڑھے تین برسوں عام استعمال کی اشیا ء دگنی قیمتوں پر پہنچ گئی ہیں۔