ملکی تاریخ میں آج پہلی بار پیٹرول 150روپے لیٹرہونے کا خدشہ

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز، این این آئی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںجمعہ کو 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ہے جس سے پٹرول ملکی تاریخ میں پہلی بار150روپے فی لٹر ہونے کا امکان ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5.25 ، ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے سبب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ہے۔آئل ریفائنریز کے اعداد شمار کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 81 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے سے 83 ڈالر 70 سینٹ میں فروخت ہورہا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے سبب مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔