کراچی میں دوسرے دن بھی ڈاکو راج ،آدھے گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد زخمی

14 جنوری ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں دوسرے روز بھی ڈاکوؤں کا راج جاری، آدھے گھنٹے کے دوران بچے سمیت 4 شہریوں کو فائرنگ نشانہ بنا ڈالا۔پہلی واردات صفورا غازی گوٹھ کے قریب کی گئی جس میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 45 سالہ سلطان نامی شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے۔دوسری واردات سپر ہائی وے براق پمپ کے قریب کی گئی جہاں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے 30 سالہ فیضان احمد نامی شہری کو زخمی کیا اور فرار ہو گئے،تیسری واردات بفر زون سیکٹر 15 اے 2 میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے حسینی شیر مال کے قریب شہری کو لوٹنے کی کوشش کی،مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت 36 سالہ ساجد کے نام سے ہوئی۔چوتھی واردات زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر 50-b غوث پاک روڈ پر ہوئی جس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ بچہ کاشان ولد سلطان زخمی ہو گیا ۔