مہنگائی مہنگائی کا ادھم مچا ہوا ہے ،ا سد عمر فیل بچے سے اکانومی پر لیکچر سننے نہیں آئے، شاہد خاقان

14 جنوری ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اسد عمر نےکہاکہ صبح و شام سے مہنگائی مہنگائی کا ادھم مچا ہوا ہے جس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیل بچے سے اکانومی پر لیکچر سننے نہیں آئے ہمت ہے تو شوکت ترین کی جگہ بیٹھیں لیکچر دیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا کہ صبح سے شام تک ادھم مچا ہوا ہے مہنگائی،مہنگائی ،وہ اور بات ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں صرف دو دفعہ ہوا ہے کہ پاکستان کی کنزیومر پرائس انڈیکس جس سے افراط زر ناپی جاتی ہے وہ 20فیصد کی سطح سے اوپر گیا ہے۔ اس کے جواب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم یہاں اسمبلی میں آئے ہوئے ہیں فیل ہوئے بچے سے اکانومی کے لیکچر سننے نہیں آئے ،جس کو نکالنے والا بھی یہاں موجود ہے وہ خود بھی یہاں موجود ہے ،ہمت ہو تو وہاں بٹھائیں شوکت ترین کی جگہ پھر لیکچر دیں۔