محکمہ ثقافت، کروڑوں روپے کے ٹینڈر، سیکریٹری نوادرات سے جواب طلب

14 جنوری ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ  کے  چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے محکمہ ثقافت و سیاحت میں 23 کروڑ کے ٹینڈر جاری کرنے کے خلاف سیکریٹری نوادرات اور  دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا،درخواست کی سماعت پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 23 کروڑ کے 16 ٹینڈر جاری ہوئے تمام ٹینڈرز ایک ہی کمپنی کو دیئے گئے  یہ کمپنی بلیک لسٹ ہے، بلیک لسٹ ٹھیکیدار کی بے نامی کمپنیاں ہیں، محکمہ ثقافت میں تمام ٹینڈرز اس ٹھیکدار کو جاری کئے جاتے ہیں، ان کے خلاف جے آئی ٹی یا جوڈیشل کمیشن بنایا  جائے جس ٹھیکدار نے نیب کو رقم رضا کارانہ طور پر واپس کی ہے وہ الگ نام سے کمپنی بنا کر کام کر رہا ہے،سپرا کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرا دیا گیا، نمائندہ محکمہ ثقافت نے بتایا کی سپرا کی جانب سے ٹھیکدار ولی اللہ بھٹو کی کمپنی کو بحال کردیا گیا ہے، چیف جسٹس نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ہمیں یہ بتا یا جائے  جب ٹینڈر جاری کئے گئے تو اس وقت یہ کمپنی بلیک لسٹ تھی؟ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ٹینڈر جاری ہونے کے ایک دن کے بعد کمپنی بلیک لسٹ ہوئی، عدالت نے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔