پروفیسر زاہد علی زاہدی جامعہ کراچی کے کلیہ معارف اسلامیہ کے ڈین مقرر

14 جنوری ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے پروفیسر زاہد علی زاہدی کو جامعہ کراچی کے کلیہ معارف اسلامیہ ( فیکلٹی آف اسلامک اسٹیڈیز) کا ڈین مقرر کر دیا گیا ہے۔ جس کا سکریٹری بورڈز و جامعات مرید راحمو نے نوٹفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں ڈین کے لیے تین نام بھیجے گئے تھے جن میں موجود ڈین ڈاکٹر شہناز غازی، پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور ڈاکٹر عبید احمد خان کے نام شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا تھا کہ پروفیسر شہناز غازی بطور ڈین اپنی تین سالہ مدت گزشتہ ماہ پوری کرچکی تھیں اور اس کے بعد سینارٹی میں ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کا نمبر ہے لہٰذا ڈاکٹر زاہدی کو تین برس کے لیے کلیہ معارف اسلامیہ کا ڈین مقرر کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینارٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کو تین برس کے لیے کلیہ معارف اسلامیہ کا ڈین مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔