الگ صوبے کی جدوجہد پاکستان کی تقسیم کا عمل نہیں،خالد مقبول

14 جنوری ، 2022

کراچی( ااسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر تحریک صوبہ پھوٹو ہار کے سے تعلق رکھنے والے وفد نے راجا اعجاز کی سربراہی میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک کی 98فیصد غریب و متوسط طبقے کی نمائندگی کرتی ہے اوران کے نمائندے اسمبلیوں میں غریب و متوسط طبقے کے افراد سے تعلق رکھتے ہیں آپ کی طرح ہم بھی پاکستان میں الگ صوبے کا قیام کیلئے جدوجہد کررہے ہیں الگ صوبے کی جدوجہد پاکستان کی تقسیم کا عمل نہیں ہوتا بلکہ جتنے الگ صوبے بنیں گے وہاں کی معیشت اور احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا اس ملک میں جاگیر دار اور وڈیروں نے قبضہ کیا ہوا ہے وہ کسی بھی صورتحال میں پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن نہیں ہونے دیتے یہ لوگ پاکستان کے قیام کے بعد سے ہی ملک پر قابض ہوگئے ہیں۔