سال 2021،خود کش حملوں میں 30افراد ہلاک

14 جنوری ، 2022

کراچی ( ثاقب صغیر /اسٹاف رپورٹر ) پاکستان میں سال 2021 میں 5 خودکش حملوں میں 30افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوئے۔ بلوچستان میں 3 جبکہ خیبر پختونخوا میں 2 خودش حملے کیے گئے ۔ہلاک ہونے والوں میں 19 سویلین ،6 سیکورٹی اہلکار اور 5 خودکش بمبار شامل ہیں۔5 خودکش حملوں میں سے 3 حملوں میں ٹی ٹی پی ملوث تھی ایک حملے میں بی ایل اے اور ایک حملے میں اسلامک اسٹیٹ دہشت گرد گروپ ( آئی ایس کے ) ملوث تھی۔پاک انسٹیٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں پر ہونے والے 7 حملوں میں 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس پولیو/ ہیلتھ ورکرز پر 6 حملوں میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں سی پیک ورکرز پر 4 حملے کئیے گئے جس میں 17 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں سویلین پر ہونے والے 16 حملوں میں 38 افراد جاں بحق اور 78 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے آپریشنل حملوں میں 197 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے۔سیکورٹی فورسز کے حملوں میں پنجاب میں 3،بلوچستان میں 77،خیبر پختونخوا میں 114 اور سندھ میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔