قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کامنظر

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد(فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی)قومی اسمبلی میں جمعرات کو ’’منی بجٹ‘‘ کی منظوری کے موقع پر ایوان میں عددی اکثریت رکھنے والی دونوں جماعتوں مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی کے قائدین اپنے پارلیمانی رفقا کے ’’جلو‘‘میں ایوان میں داخل ہوئے ،پہلے شہباز شریف ایوان میں داخل ہوئے تو مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے پر جوش انداز میں ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنمائوں اور ارکان کی بڑی تعداد نے اپوزیشن لیڈر کیلئے ڈیسک بجا کر ان سے یکجہتی کے اظہار کا انداز اختیار کرتے ہوئے ہاتھ ملایا جس کے تھوڑی دیر بعد ہی آصف زرداری ماسک پہنے بلاول بھٹو اور جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر اسعد الرحمان اور بلاول بھٹو کے ہمراہ’’اگلی باری پھر زرداری‘‘کے نعروں میں ایوان میں داخل ہوئے انہوں نے اپنی پارٹی کے ارکان کو اشارے سے ماسک پہننے کی ہدایت کی اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ایوان میں ہم آہنگی کا منظر دیدنی تھا جب شہبازشریف آصف زرداری کے پاس گئے،ان سے ہاتھ ملایا اور احوال دریافت کئے۔