کراچی میں افغان ڈکیت گروہ سرگرم

14 جنوری ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپرہائی وے پر ریتی بجری کا کام کرنے والے 55 سالہ عبدالقدیر کو فائرنگ سے قتل کرنے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کے سنسنی خیز انکشاف سامنے آئے ہیں ۔ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ڈاکو کی شناخت نعمان عرف مانی عرف سمیع اللہ کے نام سے کی گئی ہے جو کہ عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل اتحاد ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ، گرفتار ڈکیت کے گروپ میں دیگر 3 افغانی بھی شامل ہیں جنھوں نے سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے سمیت ملحقہ علاقوں میں لوٹ مار کی کئی وارداتیں کی ہیں ، انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس گروپ میں شامل دیگر 3 افغانی ڈکیتوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔