وزیراعظم کل ایف بی آر کی تاریخی انعامی اسکیم کا افتتاح کرینگے

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم عمران خان کل ہفتہ واری تعطیل کے باوجودہفتہ کو ایف بی آر کی انعامی تقسیم کا آغاز کرینگے۔ اس کیلئے خصوصی تقریب وزیراعظم آفس آڈیٹوریم میں منعقد کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ایف بی آر پی او ایس رجسٹرڈ رٹیلرز سے شاپنگ کرنے والے صارفین کو اگلے ماہ کی 15تاریخ کو پہلا انعام 10لاکھ روپے‘ دوسرا انعام (دو انعامات) پانچ پانچ لاکھ روپے‘ تیسرا انعام اڑھائی اڑھائی لاکھ روپے کے چار انعامات‘ چوتھا انعام پچاس پچاس ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات دیا کریگا۔ اس کیلئے عوام کو پی او ایس رجسٹرڈ رٹیلرز سے نہ صرف شاپنگ کرنا ہو گی بلکہ رٹیلرز سے پکی رسید لیکر آسان ٹیکس موبائل ایپ کے ذریعے سسٹم میں ڈالنا ہو گی۔