عوام کی نہیں چند حکمران خاندانوں کی حکومت ہوتی ہے،تجزیہ کار

14 جنوری ، 2022


کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے جیو کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان مریم ظفر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ہاں عوام کی نہیں چند حکمران خاندانوں کی حکومت ہوتی ہے،نیوی گالف کورس غیرقانونی قرار دینا اچھی بات ہے،بلاول بھٹو کا عمران خان کو اس صدی کا بحران قرار دینے کا بیان فضول ہے، بلاول بھٹو کی بات مان بھی لیں تو اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہی ہے، ن لیگ پیپلز پارٹی کی نالائقی کی پیداوار ہے تو پی ٹی آئی ان دونوں جماعتوں کی نالائقی کی پیداوار ہے، حکمران پرانے شہروں کے نام بدلنے کے بجائے اپنی پسند کے ناموں کے نئے شہربنائیں، سانحہ مری پر ایسے ماتم کیا جارہا ہے جیسے یہاں کوئی فرشتے بستے ہیں، کورونا شرو ع ہوا تو ماسک،سینی ٹائزرز اور انجکشنو ں کی قیمتیں کہاں پہنچ گئی تھیں، ہمارے ہاں عوام کی نہیں چند حکمران خاندانوں کی حکومت ہوتی ہے، مری میں برف بچھا کرگاڑیوں سے پیسے لیے جاتے ہیں تو لاہور میں سڑک پر کیلیں بکھیر کر گاڑیاں پنکچر کردی جاتی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے نیوی گالف کورس کو غیرقانونی قرار دینے پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ اپنی حدود سے تجاوز کرنا بھی بے حیائی اور فحاشی ہی کی ایک قسم ہے، اداروں سے لے کر افراد تک سب کو ذمہ دار ہونا چاہئے، اس ملک کے پاس سوائے فوج کے کیا ہے۔ عثمان مرزا کیس میں نئے موڑ پر حسن نثار نے کہا تھا کہ عثمان مرزا کیس میں لڑکی کے پیچھے ہٹنے کے بعد ریاست کی طرف سے کیس کی پیروی کرنا قابل ستائش ہے۔ پی آئی اے میں ملازمین کی تعداد عالمی معیار کے مطابق ہونے پر حسن نثار نے کہا کہ پی آئی اے میں اضافی ملازمین کو جنہوں نے بھی بھرتی کیاان سب کو بلالیا جائے، یوسف رضا گیلانی فلمی ڈائیلاگ بولتے تھے کہ نوکریاں دینا جرم ہے تو بار بار کروں گا، انہیں اتنی عقل نہیں کہ ادارے کھائے جائیں تو برباد ہوجاتے ہیں، یہ اسٹیل مل، پی آئی اے اور ریلوے جیسے بڑے ادارے کھاگئے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں اپنی طلبی پر حسن نثار کا کہنا تھاکہ قائمہ کمیٹی کو پیغام دیتا ہوں کہ میں نہیں آؤں گا پولیس کے ذریعہ اٹھواؤ،دوسری بات خود میرے پاس آئیں اور رزق حلال کھائیں