حریم شاہ کے وڈیو میں لہرائے گئے، برطانوی پائونڈ منی لانڈرنگ کا پیسہ نہیں، دانیال ملک

14 جنوری ، 2022

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) 2018ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار اور کاروباری شخصیت دانیال ملک نے وضاحت کی ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے وڈیو میں جو برطانوی پائونڈ اسٹرلنگ لہرائے اور دکھائے، وہ رقم ان کی اپنی ہے اور کوئی منی لانڈرنگ کا پیسہ نہیں ہے۔ اس طرح وڈیو اور اس میں دکھائی جانے و الی رقم نے اپنی نوعیت کے حو الے سے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ دانیال ملک نے اپنے ایک انٹرویو میں حریم شاہ کا دفاع کیا، جو تعطیلات پر برطانیہ میں اپنے کزن کے گھر مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وڈیو میںدکھائے گئے ہزاروں پائونڈ جائز، قانونی اور شفاف ہیں۔ مذکورہ رقم دانیال ملک کے مطابق انہوں نے ’’فن وڈیو‘‘ بنانے کے لئے حریم شاہ کو دی تھی۔ دانیال ملک نے 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 68گجرات سے حسین الٰہی اور نوابزادہ غضنفر علی کے مقابل انتخاب میں شکست کھائی تھی اور پھر کاروبار پر توجہ دینے کے لئے برطانیہ واپس آگئے تھے جہاں و ہ رئیل اسٹیٹ اور زرمبادلہ کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات حریم شاہ کے اس دعوے پر کی گئی کہ وہ ایک نمایاں رقم لے کر پاکستان سے برطانیہ آئی ہیں۔ دانیال کا کہنا ہے کہ حریم شاہ ان کے لئے چھوٹی بہن کی طرح ہے۔