کیپٹن گل شیر کا مری میں سیاحوں کے ساتھ برے سلوک پر افسوس کا اظہار

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مشہورِ زمانہ ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی کے کردار کیپٹن گل شیر نے مری سانحے پر اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ سنا دیا۔لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید قاسم شاہ نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے مری میں سیاحوں کے ساتھ برے سلوک پر افسوس کا اظہار کیا۔سید قاسم شاہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل اہلخانہ کے ساتھ خیبرپختونخوا کے علاقے کمراٹ جانا ہوا تو وہاں ہماری گاڑی خراب ہو گئی اور ہماری ساتھ اور بھی گاڑیاں تھیں، جب میں نے دیر کراس کیا تو میری گاڑی خراب ہوگئی اور میری وجہ سے سب گاڑیاں رُک گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں دیکھ کر گاؤں کا ایک بچہ ٹرے لے کر ہمارے پاس آیا اور کہا کہ ماں جی نے آپ کے لئے چائے بھجوائی ہے ،مجھے یہ دیکھ کر کافی حیرت ہوئی، اس وقت ہم سب کو چائے کی خاصی طلب ہورہی تھی ۔سید قاسم کا کہنا تھا کہ ہمیں وہاں مغرب ہوگئی تھی تھوڑی دیر میں ایک بندہ ہمارے پاس چاولوں سے بھری ہوئی ٹرے لے کر آیا اور کہا کہ میری بیوی کھانا پکا رہی تھی، آپ لوگوں کو دیکھا تو میں کھانا لے کر آگیا، میں نے سوچا ہم بعد میں کھالیں گے آپ لوگ مہمان ہیں پہلے آپ کھائیں۔انہوں نے کہا کہ وہاں کے لوگوں نے ہم سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا، یہ تمام اخلاقیات، روایات کی پاسداری تربیت سے آتی ہے، میں دیر اور وہاں کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔سید قاسم شاہ نے اس ویڈیو میں کہا کہ پاکستان کے لوگ ایسے ہی ہیں لیکن مری میں جو ہوا، وہ لوگ ہم میں سے نہیں۔خیال رہے کہ مری میں 7 جنوری کی شب برفانی طوفان کے نتیجے میں 23 افراد انتقال کرگئے، اس روز مری میں مقامی ہوٹل والوں کی جانب سے سیاحوں سے برے سلوک اور اوورچارجنگ کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔