پاک فوج خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،کورکمانڈر لاہور

14 جنوری ، 2022

لاہور(خبر نگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر ، فکلیٹی ممبران اور 52 طلبا نے پاک فوج کے ساتھ ایک دن گزارا اور فوجی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کااظہار کیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز (ہلال امتیاز ملٹری) نے طلباء اور فیکلٹی سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح تیار ہیں اور مکمل خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی ۔ طلبہ نے فوجی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا، طلبہ کوہتھیاروں اورمختلف آلات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج نے جنگ میں استعمال ہونے والے اسلحے اور دیگر ساز وسامان کی نمائش کا بھی اہتمام کیا ۔ طلباء نے پاک فوج کے حوصلے، عزم اور پیشہ ورانہ قابلیت کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر میجر جنرل محمد رضا ایزد جنرل آفیسر کمانڈنگ 11 انفنٹری ڈویژن سمیت دیگر فوجی حکام بھی موجود تھے۔ آرمی حکام اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ بھی ہوا۔