باہمی سیریز کا آئیڈیا فرسودہ، ٹی 20کو تازگی کی ضرورت،رمیز راجہ

14 جنوری ، 2022

لاہور(نیوز رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے باہمی سیریز کا آئیڈیا فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کو تازگی کی ضرورت ہے، تھکاوٹ کے شکار شائقین کی بھوک مٹانے کیلئے فیوچرٹور پروگرام سے باہر نکل کر کچھ کرنا ہوگا، دوکی جگہ چار یا پانچ ٹیمیں کہیں زیادہ سرمایہ کما سکتی ہیں، بگ فور جیسی متوازی باڈی ہرگز درکار نہیں بلکہ مالیاتی ذرائع کی تلاش اور سرمائے کی تقسیم کیلئے نئے ڈھانچے کی تشکیل ہونی چاہئے۔ آئندہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان اور بھارت سمیت چار ملکی ٹی ٹونٹی سپر سیریز کا آئیڈیا پیش کرنے کا عندیہ دینے والے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ مارچ میں ہونیوالے گورننگ باڈی اجلاس میں اس بات پر روشنی ڈالیں گے۔