لاکھوں عوام کا لانگ مارچ حکومت پر بھاری پڑے گا،بلاول بھٹو

14 جنوری ، 2022

لاہور(سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا عوام دشمن پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے، لاکھوں عوام کا لانگ مارچ اس حکومت پر بھاری پڑے گا ، اسلام آباد پہنچ کر اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے ۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے اجلاس کی وڈیو لنک پر صدارت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، نثار کھوڑو کی مشترکہ صدارت میں ہوا اور 27 فروری کو مزار قائد سے لانگ مارچ کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرکے نااہل حکومت کو بے نقاب کرکے گھر بھیجے گی۔ کسانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے 21 جنوری اور 24 جنوری کو ملک بھر میں کسان مارچ ہوگا۔ پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کا اگلا پڑاؤ پنجاب بارڈر کمون شہید پر ہوگا ۔ لاکھوں عوام اسلام آباد پہنچ کر عوام سے زیادتیوں کا حساب لینگے۔پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہایوریا کھاد کے بحران سے گندم کی فصل بہت کم ہوگی جس سے ایک اور بحران جنم لے گا۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کے پی ٹی آئی ملک سے غریب مٹاؤ کے ایجنڈا پر کام کر رہی ہے۔اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر ہوتی اور خیبرپختونخوا میں اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے ان سے اسفند یار ولی خان کی خیریت دریافت کی۔تینوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔