بچے کا اغوا، ملزمہ سٹیج اداکارہ آئمہ خان کا جوڈیشل ، شوہر اور دیور کاجسمانی ریمانڈ منظور

14 جنوری ، 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے ڈھائی سالہ بچے کے اغواء میں ملوث ملزمہ سٹیج اداکارہ ڈاکٹر آئمہ خان کا جوڈیشل ریمانڈ جبکہ ملزمہ کے شوہر مدثر اور دیور مظفر کا2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے، قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ دہلی گیٹ نے ملزمان کے خلاف ڈھائی سالہ نقیب اللہ کے اغواء کا مقدمہ درج کیا تھا، ملزمان سے بچے کی بازیابی کی گئی اور انہیں گرفتار کیا گیا۔تھانہ دہلی گیٹ کے علاقے کڑی جمنداں سے اڑھائی سالہ نقیب اللہ اغواء ہوا تھا اغواء کے مقدمہ میں گرفتار سٹیج اداکارہ آئمہ خان سمیت تین ملزمان کو عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد ضلع کچہری لایا گیا ملزمان کو گرفتار ہونے کے 24 گھنٹوں سے بھی زیادہ وقت گزرنے کے بعد پیش کیا گیا، عدالتی وقت کے بعد کوئی جج موجود نہ ہونے کے باعث ملزمان کو پولیس واپس لے گئی۔ ڈاکٹر آئمہ خان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رو پڑیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں بہت پریشان ہوں، میرا کیس سے کوئی تعلق نہیں۔میں بے گناہ ہوں مجھے بے بنیاد مقدمہ میں ملوث کردیا گیا۔واقعے کے متعلق حقائق عدالت میں بتاؤں گی، عدالت نے آئمہ خان کا جوڈیشل ریمانڈ، اسکے شوہر مدثر اور دیور مظفر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ، وکلا محمد بلال بٹ، فرح شریف کھوسہ، ساجد ہاشمی اور فرحان منظور کا کہنا تھا کہ پولیس کا عدالتوں سے عدم تعاون کیسز کو متاثر کرتا ہے اتنا وقت گزرنے کے بعد ملزمان کو پیش نہ کرنا انتہائی مجرمانہ غفلت ہے جس پر ملوث اہلکاروں و افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔