سانحہ آرمی پبلک سکول،حکومت نے سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (آئی این پی)سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کیس میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے سپریم کورٹ سے وزیراعظم کی دستخط شدہ رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید 3 ہفتے دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالتِ عظمیٰ سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہداء کے والدین سے وزیراعظم کی کمیٹی ایک ملاقات کرچکی ہے۔ والدین سے ایک اور ملاقات جلد متوقع ہے تاکہ انہیں مطمئن کیا جا سکے۔ سپریم کورٹ نے10 نومبرکو وزیراعظم سے ایک ماہ میں پیشرفت رپورٹ مانگی تھی۔ گزشتہ ماہ بھی وفاقی حکومت کی طرف سے عدالت کو تین ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کیا تھا۔