لاہور ہائیکورٹ، منی لانڈرنگ مقدمے کیخلاف شہباز شریف کی درخواست خارج

14 جنوری ، 2022

لاہور(وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ سیل) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواستیں واپس لینے کی بناء پرخارج کردیں ۔ درخواست گزاران کے وکیل امجد پرویزنے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے2008 سے 2018 تک منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مقدمہ میں بھی 2008 سے 2018ء تک بے نامی اکاؤنٹس کا الزام لگایا گیا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اندراج مقدمہ کے 2 سال بعد آپ نے یہ درخواست دائر کی، متعلقہ عدالت اس معاملے پر اپنا دائرہ اختیار ستعمال کر چکی، چالان جمع ہونے کے بعد ہائیکورٹ کیسے عدالتی کارروائی کو کالعدم کر سکتی ہے؟امجد پرویز ایڈوکیٹ نے جواب دیا کہ میرٹ کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو بھی شہباز شریف ریلیف کے حقدار ہیں، ایک ہی الزام پر دو ادارے تحقیقات کر رہے ہیں ۔چیف جسٹس نےریمارکس دئیے ،ہم کیسے کسی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں جب ایک کیس ہمارے سامنے ہو اور دوسرا ہمارے سامنے نہ ہو، آپ ایک کیس کو چیلنج کر رہے ہیں اور دوسرے کیس کو چیلنج نہیں کر رہے۔