سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں رکھنے میں آئی جی جیل اور محکمہ داخلہ ملوث

14 جنوری ، 2022

کراچی(این این آئی)سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں رکھنے کے معاملے میں جیلر،آئی جی جیل اورمحکمہ داخلہ کے حکام ملوث نکلے،قیدیوں کی وی آئی پی سہولیات کو مکمل صیغہ رازمیں رکھا جاتا تھا۔تفصیلات کے مطابق اعلی حکام کو جیل خانہ جات کی جانب سے سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں رکھنے کے معاملے پر مکمل رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔جس میں بتایا گیا کہ کراچی سینٹرل جیل سے 8 سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں رکھا گیا، 13 اندر ٹرائل قیدیوں کو بیماری کی آڑ میں مختلف ہسپتالوں میں ایڈمٹ کیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ مجموعی طور پر 21 قیدی لمبے عرصے سے آزادی کے مزے لے رہے تھے، ہسپتالوں میں آفیشل ایڈمیشن کے بعد قیدی اپنے گھروں میں موجود ہوتے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ مخصوص اوقات میں ہسپتالوں کا وزٹ کیا جاتا تھا اور قیدیوں کی وی آئی پی سہولیات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق جیلر آئی جی جیل اور محکمہ داخلہ قیدی کی ہر معاملے سے باخبر تھا اور ساتھ بھیجے جانے والے قیدیوں سمیت جیل عملے کو بھاری معاوضہ ملتا تھا۔