شادباغ، 3شوٹر گرفتار، ٹارگٹ کلنگ کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف

14 جنوری ، 2022

لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)شاد باغ پولیس نے شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 3 خطرناک شوٹرز کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے چند روزقبل بھی ایک فیملی کو لوٹنے کی کوشش کی، متاثرہ افراد نے 15 پر کی، تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر بھی فائرنگ کردی تھی ، گرفتار ملزمان میں شہباز عزیز بٹ، ساجد علی اور ندیم شامل ہیں، 2 پسٹل اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں واداتوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ افضال عرف کنو کے لئے ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں جو اس وقت بیرون ملک ہے، جب کہ یہاں شہباز بٹ کے کہنے پر ساجد علی اور ندیم دونوں قتل اور بھتہ کے لیے لوگوں کے گھروں، دفاتر اور دوکانوں پر فائرنگ کرتے تھے۔ ندیم نے افضال کنو اور گرفتار ملزم شہباز بٹ کے کہنے پر سبزہ زار میں مکان کرایہ پر لیا اور ساجد نے گلی میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے اور ریکی کر کے فیصل نامی شخص کو گولیاں مار کرقتل کیا، گرفتار ملزم شہباز بٹ کا دبئی میں مقیم بنگش پٹھان سے بھی تعلق ہے جو قحبہ خانہ چلاتا ہے اور قحبہ خانہ پر کام کرنے والی پاکستانی لڑکیوں کو حراساں کرتے ہیں، ملزمان بھتہ خوری کی خاطر معصوم لوگوں پر فائرنگ کرتے اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے۔ شہباز بٹ نے لاہور کے مشہور تاجر جونا بٹ جو لیگی رہنما بلال یاسین کا کزن ہے کے قتل کا پلان بھی بنا رکھا تھا، ملزمان نے بتایا کہ انھوں نے ہی فائرنگ کے لیے عابد باکسر کے گھر کی ریکی کی اور ساجد نے کیمرے انسٹال کیے۔