مارب میں حوثیوں کے 80فیصد ہتھیار تباہ کر دیے ہیں ، یمنی فوج

14 جنوری ، 2022

ریاض (شاہدنعیم) سعودی میڈیا کے مطابقیمنی فوج کے ترجمان عبدہ مجلی نے جمعرات کو بتایا ہے کہ توپوں اور طیاروں کے ذریعے مارب صوبے میں حوثی ملیشیا کے 80فیصد ہتھیاروں اور عسکری ساز و سامان کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ یمنی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مجلی نے بتایا کہ یمنی فوج اور العمالقہ بریگیڈز کے توپ خانوں نے حوثیوں کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کو تباہ کیا جب کہ آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثیوں کے ٹھکانوں اور جتھوں کو بھرپور فضائی حملوں کا نشانہ بنایا، اس کے نتیجے میں ایران نواز باغیوں کو بھاری جانی و مادی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب عرب اتحاد کے ایک اعلان کے مطابق صنعاء ہوائی اڈے سے مارب کے جنوبی محاذ کی جانب جانے والے حوثیوں کے ایک ہیلی کاپٹر کو تباہ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں عرب اتحاد نے مختلف محاذوں پر حوثیوں کے اسلحے کی منتقلی کا پتہ چلایا ہے۔ مارب صوبے کے جنوبی اور مغربی محاذوں پر گھمسان کی لڑائی دیکھی جا رہی ہے، اس میں ایک طرف یمنی فوج اور عوامی مذاحمت کار ہیں اور دوسری طرف حوثی ملیشیا ہے۔