وزیراعظم کل ایف بی آر کی تاریخی انعامی سکیم کا افتتاح کرینگے

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم عمرانخان کل ہفتہ واری تعطیل کے باوجودہفتہ کو ایف بی آر کی انعامی تقسیم کا آغاز کرینگے۔ اس کیلئے خصوصی تقریب وزیراعظم آفس آڈیٹوریم میں منعقد کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ایف بی آر پی او ایس رجسٹرڈ رٹیلرز سے شاپنگ کرنے والے صارفین کو اگلے ماہ کی 15تاریخ کو پہلا انعام 10لاکھ روپے‘ دوسرا انعام (دو انعامات) پانچ پانچ لاکھ روپے‘ تیسرا انعام اڑھائی اڑھائی لاکھ روپے کے چار انعامات‘ چوتھا انعام پچاس پچاس ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات دیا کریگا۔ اس کیلئے عوام کو پی او ایس رجسٹرڈ رٹیلرز سے نہ صرف شاپنگ کرنا ہو گی بلکہ رٹیلرز سے پکی رسید لیکر آسان ٹیکس موبائل ایپ کے ذریعے سسٹم میں ڈالنا ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان کل ایف بی آر کی تاریخ ساز انعامی تقسیم کا آغاز کرینگے جس کے دوران ہزاروں خوش نصیبوں کو کمپیوٹر قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات ملیں گے۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے فنانس ایکٹ 2021ء کے ذریعے متعارف کرائی گئی انعامی سکیم کے خدوخال اپنی ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر تیار کئے ہیں۔