پنجاب انفارمیشن کمیشن : امیدوار کوجوابی کاپیوں کی مصدقہ نقول فراہم نہ کرنے پرPPSCکے ڈائریکٹر لاء و پبلک انفارمیشن آفیسرکو25ہزار روپے جرمانہ

14 جنوری ، 2022

لاہور(آصف محمود سے) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں ناکام ہونے والے امیدوار کو حل شدہ جوابی کاپیوں کی مصدقہ نقول فراہم نہ کرنے پر پی پی ایس سی کے ڈائریکٹر لاء و پبلک انفارمیشن آفیسرکو25ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ شکایت کنندہ جہانزیب لودھی نے چیف آفیسر کی اسامی کے لئے پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا جس میں وہ ناکام رہا۔ حل شدہ پرچوں میں ہونے والی منفی مارکنگ کی نشاندہی پر رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت حل شدہ جوابی شیٹس کی مصدقہ نقول کی فراہمی کے لیے پی پی ایس سی کو درخواست دی جسے ممبر انچارج روبینہ طیب نے مسترد کردیا۔ چیئرمین کمیشن کو اپیل کی تو اسے بھی خارج کردیا گیا۔ جس کے بعد جہانزیب لودھی نے پنجاب انفارمیشن کمیشن میں شکایت درج کرائی۔چیف انفارمیشن کمشنرنے کہا کہ پی پی ایس سی کے ڈائریکٹر لاء اور پبلک انفارمیشن آفیسر میاں محمد اقبال کا بنیادی زور حل شدہ جوابی شیٹس کے افشاء کی اجازت دینے میں دشواری یا ناقابل عمل ہونے پر رہا ہے ۔ اس سے پہلے دونوں فیصلوں میں یہی موقف اختیار کیا گیا ہےکہ جوابی شیٹس کلاسیفائڈ ہیں اور انہیں پبلک نہیں کیا جاسکتا۔