کابینہ کمیٹی کا اجلاس ، فیملی لاز آرڈیننس میں ترمیم

14 جنوری ، 2022

لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیر قانون و پارلیمانی امور راجہ محمد بشارت کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے اجلاس میں مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی ۔ اجلاس میں تونسہ شریف میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے قیام، گوجرانوالہ کو چین کے شہر ڈونگینگ Dongying اور ملتان کو چینی شہر پنگ ڈنگ شن Pingdingshan کا جڑواں قرار دینے اور کاروبار میں آسانی کی اصلاحات کے تحت پنجاب کمرشل کورٹ ایکٹ 2021 کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لینڈ ایکویٹی ماڈل پر منافع کی تقسیم اور سرکاری زمین پر قائم انڈسٹریل اور رہائشی یونٹس کی کنورشن پر فیس وصولی کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ سیکرٹریز شریک ہوئے۔ کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لئے پنجاب کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔