کورونا کی نئی لہر،مثبت کیسز کی شرح 6فیصد سے تجاوز کرگئی

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد، لاہور(نیوز ایجنسیاں،خصوصی نمائندہ) پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد انتقال کر گئے اور 3019 نئے مریض بھی سامنے آئے، ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.13 فیصد رہی، این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 28992 ہو چکی ہے ۔ادھر لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث لاہورسے 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل 13,081 تعداد ہو چکی ہے،صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 4.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔دوسری طرف محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب میں کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ اور چیئرمین سیاگ پروفیسر محمود شوکت نے کی، اجلاس میں پنجاب میں امیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں کورونا کی 10.7 فی صد اور راولپنڈی میں 7.4 فیصد پازیٹوٹی شرح ریکارڈ کی گئی۔