لاہور سمیت پنجاب،کے پی میں سردی اور دھند کا راج

14 جنوری ، 2022

لاہور (نیوزرپورٹر،کرائم رپورٹر سے)لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹس آپریشن معطل کرنا پڑا، لاہور کی دیگر شاہرائوں پر ٹریفک کا بہائو بڑھ گیا جس سے شہر میں ٹریفک جام ہوگئی ،محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے، دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،لاہور ہی نہیں قصور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید دھند چھائی رہی جس سے ٹریفک کی روانی متاثررہی،موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پراور بابو صابو کالا شاہ کاکو سے موٹر وے اور سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کیلئے بند رہی۔ادھر لاہور سمیت ملک بھر کے علاقے گزشتہ روز بھی شدیدٹھنڈ کی لپیٹ میں رہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، گلگت بلتستان،کشمیر ا ورملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔پنجاب، خیبرپختونخوا کےمیدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔جمعہ کے روز اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلودرہے گا۔