موبائل فون،درآمدی گوشت،خام ادویات،زرعی آلات ،جیورلری ،سولرمہنگے

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر )قومی اسمبلی نے 343ارب روپے کےٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا فنانس ترمیمی بل 2021کثرت رائے سے منظور کر لیا، ، فنانس ترمیمی بل 2021میں درآمدی موبائل فون ، جیولری، 500روپے مالیت سے زائد کے شیر خوار بچوں کے فارمولا دودھ ، فارماسیوٹیککلز درآمدی مال ، صنعتی و زرعی آلات سمیت 140سے زائد اشیا پر17فیصد سیلز ٹیکس نافذ کر دیا گیا ،جبکہ شیر خوار بچوں کے 500 روپے تک کے200گرام کے فارمولا دودھ،سرخ مرچ ، نمک ، بائیسکل ، چھوٹی دکانوں پر فروخت ہونیوالی بریڈ ، نان چپاتی ، سویاں ، شیر مال ، رس کو سیلز ٹیکس سے چھوٹ دے دی گئی ، فنانس ترمیمی بل کی منظوری سے درآمد ی زندہ جانوروں ور درآمدی زندہ مرغی ، بھیڑ ، بکری کے درآمدی گوشت ، درآمدی زندہ مچھلی ، درآمدی انڈے اور ہیچنگ انڈے ، درآمدی سیمپل ، درآمدی تحفوں پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی اور 17فیصد سیلز ٹیکس عائدکر نے کی منظوری دے دی گئی ، ٹی بی ، لیپروسی ، ایڈز اور کینسر کے علاج کے درآمدی آلات ، گونگے ، بہرے اور اندھے افراد کےعلاج اور بحالی کیلئے درآمدی آلات، غیر منافع بخش اداروں کی جانب سے درآمد کیے جانیوالے آلات پر بھی سیلز ٹیکس استثنیٰ ختم کر دیاگیا ہے، غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے نمائش اور تجارتی میلوں کیلئے درآمدی سامان اور خدمات پر ٹیکس استثنیٰ ختم کر دیاگیا ، پیکنگ والا درآمدی مرغی کا گوشت ، کاٹن سیڈ ، سلائی مشین ، ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں لگائی جانیوالی مشنیری اور پلانٹس ، درآمدی خام ادویات ، گرین ہائوس فارمنگ کے آلات ، فاٹا میں صنعت لگانے کیلئے درآمدی پلانٹ اور مشینری ، ڈیری فارم فین ، مچھلی کی خوراک اور درآمدی مائیکرو فیڈر آلات پر سیلز ٹیکس استثنیٰ ختم کر دیا گیا ہے،موبائل فون بھی مہنگے کر دیئے گئے ہیں ، 200ڈالر سے 350ڈالر تک کے درآمدی موبائل فون سیٹ پر ٹیکس 1740روپے کے بجائے 17فیصد ، 350ڈالر سے 500ڈالر تک کے موبائل فون سیٹ پر 5400روپے ٹیکس کے بجائے 17فیصد اور 500ڈالر سے اوپر کے موبائل فون سیٹ پر 9270روپے فی سیٹ سے بڑھا کر 17فیصد سیلز ٹیکس کر دیاگیا ہے، غیر ملکی ٹی ڈراما سیریل اور اشتہارات پر ایڈوانس ٹیکس عائد کر دیا گیا ،غیر ملکی ڈراما سیریل کی پر فی قسط10لاکھ روپے ایڈوانس ٹیکس ، غیر ملکی تیار کردی ٹی وی پلے فی قسط 30لاکھ روپے اور غیر ملکی اداکاروں والے اشتہارات پر 5لاکھ روپے فی سیکنڈ ایڈوانس ٹیکس عائد کیا جائے گا، موبائل فونز پر یکساں 17 فیصد ٹیکس عائد ، جیولری پر ٹیکس 1 فیصد سے بڑھا 17 فیصد ، آئل سیڈ کی درآمد پر ٹیکس 5 فیصد سے 17 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی ،درآمدی جانوروں اور مرغیوں پر 17 فیصد ، زرعی بیج، پودوں، زرعی آلات اور کیمیکل پر ٹیکس 5 سے 17فیصد ، پولٹری سیکٹر کی مشینری پر ٹیکس 7سے 17 فیصد ، ملٹی میڈیا ٹیکس بھی 10 سے بڑھا کر 17 فیصد ، بیٹری پر ٹیکس 12 سے بڑھا کر 17 فیصد ، ڈیوٹی فری شاپس پر 17فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی منظوری دے دی گئی ، درآمدی سبزیوں پر 10فیصد سیلز ٹیکس ، پیکنگ میں فروخت ہونے والے مصالحوں پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جائے گا، ماچس ، ڈیری مصنوعات الیکٹرک سوئچ پر 17 فیصد ، برانڈڈ مرغی کے گوشت پر بھی 17فیصد ، پراسس کئے ہوئے دودھ پر ٹیکس 10 سے 17 فیصد کیا جائے گا،کیٹررز، ہوٹلز اور بڑے ریسٹورنٹس پر ٹیکس 7.5 فیصد سے بڑھا کر 17فیصد ،سیب کے علاوہ درآمدی پھلوں، سبزیوں پر 10 فیصد سیلز ٹیکس، پیکنگ میں دہی پنیر،مکھن، دیسی گھی اور بالائی پر ٹیکس 10 فیصد سے 17 فیصد اور ڈیری کیلئے مشینری پر بھی ٹیکس 17 فیصد کر دیا گیا ، برانڈڈ پیکنگ کے فلیورڈ دودھ پر ٹیکس 10فیصد سے بڑھا کر 17فیصد، ایڈورٹائزنگ میٹرئل ، وفاقی اور صوبائی ہسپتالوں کی طرف سے درآمد کردہ سامان ، اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں ، سفارتکاروں ، سفارتی مشنز کی جانب سے درآمد کردہ سامان پر 17فیصد، قدرتی آفت کی صورت میں عطیہ کی جانیوالی درآمدی اشیاء پر بھی 17فیصد ٹیکس ، توانائی کے قابل تجدید ذرائع سولر، ونڈ اور آبپاشی کےآلات،سنگل سلینڈر والے زرعی ڈیزل انجن ، پانچ سال تک پرانے کمائنڈ ہارویسٹرز پر بھی 17فیصد سیلز ٹیکس عائدکر دیا گیا ، کوئلے کی کان کی کنی کی مشینری ، کان کنی کےآلات ، تھرل کول فیلڈ کیلئے درآمد کیے جانے والے آلات پر بھی 17فیصد سیلز ٹیکس ، پلانٹ اور مشینری کی درآمد پر سیلز ٹیکس کو 10فیصد سے بڑھا کر 17فیصد ، موبائل فون کے مقامی مینوفیکچررز کی جانب سے موبائل فون کی مشینری اور پلانٹ کی درآمد پر 17فیصد ٹیکس ، سیاحوں کی جانب سے درآمد کیے جانےوالے ذاتی ملبوسات اور سامان پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا۔