قائمہ کمیٹی کا درآمدی فرنس آئل سے ریفائنریوں پر پڑنے والے اثرات پر غور

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ) سینٹ قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سنیٹر رانا مقبول احمد کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں ہوا۔ اجلاس میں فرنس آئل کی درآمد سے آئل ریفائنریوں پر پڑنے والے اثرات اور سنٹرل سلیکشن بورڈ کے پروموشن معیار سے متعلق مسائل کا بھی نوٹس لیا گیا۔ سنیٹر رانا مقبول احمد نے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کے حامل مسائل ہیں اس لئے انہیں ذمہ داری سے نمٹایا جانا چاہئے۔ اجلاس میں ایل این جی کی بجائے فرنس آئل کی زائد قیمتوں پر خریداری کے حوالے سے معاملے پر چیئرمین اوگرا اور حکومت کو ہدایت کی گئی کہ وہ کمیٹی کو ایل این جی کی خریداری نہ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کریں جبکہ عالمی منڈی میں ایل این جی 30.5امریکی ڈالر کے مقابلے 4.0ڈالر فی یونٹ کے حساب سے دستیاب تھی۔ قائمہ کمیٹی نے مہنگے فرنس آئل کی درآمد کے ذریعے مہنگی توانائی پیدا کرنے کے نتیجے میں دو مقامی فائونڈریوں کی بندش سے متعلق انکوائری کا مطالبہ کیا۔ سنٹرل سلیکشن بورڈ کیلئے پروموشن معیار کو دوبارہ دیکھنے اور زیرالتواء اے سی آرز کی معلومات بھی فراہم کرنیکی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں سنیٹرز سعدیہ عباسی، خالدہ عطیب، سیف اللہ سرور خان نیازی، محمد طلحہ محمود‘ وزیر مملکت علی محمد خان اور دیگر بھی موجودتھے۔