آئی جے پرنسپل روڈکی توسیع کیلئے تنصیبات کی شفٹنگ جاری ہے‘ آئیسکو

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) آئیسکو ترجمان کے مطابق آئی جے پرنسپل روڈ کی توسیع کے ساتھ ساتھ سٹیڈیم روڈ کٹاریاں اور فقیر ایپی (منڈی موڑ) کے مقامات پر فلائی اوورز کی تعمیر جاری ہے جس کی وجہ سے آئیسکو کی تنصیبات تاریں، کھمبے، ٹرانسفارمرز اور دیگر کی متبادل جگہ پر شفٹنگ کی جا رہی ہے۔ ان تنصیبات کی شفٹنگ کے باعث متعلقہ گرڈ اسٹیشن ایچ الیون‘ آئی ٹین اور آئی ایٹ سے منسلک فیڈرز آئی ٹین، آئی نائن، خیابان سرسید، سیٹلائٹ ٹائون، کٹاریاں، پیرودھائی، ڈھوک نجو، عیدگاہ، ہولی فیملی، بنی اور گردو نواح کے علاقوں کو مختلف اوقات میں محدود دورانئے کی لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کا پیشگی شیڈول آئیسکو ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے۔ کنسٹرکشن ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں اس حوالے سے کام کر رہی ہیں تاکہ یہ پراجیکٹس بروقت اور گرمیوں سے قبل مکمل ہو جائیں۔ بجلی کی بندش کو لوڈشیڈنگ کا نام دیتا مناسب نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ لوڈ مینجمنٹ شیڈول اور دیگر معلومات کے حصول کیلئے متعلقہ ایس ڈی او آفس یا ہیلپ لائن 118پر کال کر سکتے ہیں۔