راستے بلاک کر کے سیاحتی سرگرمیاں ختم کرنا معاشی قتل ہے‘ انجمن تاجران مری

14 جنوری ، 2022

مری (نمائندہ جنگ) المناک سانحہ مری میں قیمتی جانوں کی ہلاکت پر دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ حادثہ کی تحقیقات کر کے غفلت کے مرتکب ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران مری کے صدر راجہ طفیل اخلاق نے تاجروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائی وے حکام کی غفلت کی وجہ سے ہونیوالے سانحہ کی مذمت کرتے ہیں تاہم سیاحوں کیلئے مری کے راستے بلاک کر کے سیاحتی سرگرمیوں کو مفلوج کر دیا گیا ہے جس سے مری کے تاجروں کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔ غریب دکاندار‘ دیہاڑی دار مزدور اور ہوٹلوں میں کام کرنے والے بیروزگار ہو چکے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں مکمل مفلوج ہو گئی ہیں۔ پنجاب حکومت فوری طور پر مری میں سیاحوں کے داخلے پر عائد پابندی ختم کرے۔